کویت سٹی: کویت کے ایک اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ شادی کے شامیانے میں آگ دلہا کی سابق بیوی نے لگوائی تھی جس میں اکتالیس افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ کویتی حکومت کا کہنا ہے کہ آگ لگانے والوں کی شناخت ہوگئی ہے اور انہوں نے اپنا جرم تسلیم بھی کیا ہے۔
کویت کے القدس اخبار نے کہاہے کہ دولہا کی سابق 23سالہ بیوی نے شامیانے پر تیل چھڑکا اور اس کے بعد آگ لگا دی اور ایسا اس نے اس لیے کیا کہ جب دونوں میاں بیوی تھے تو شوہر کا رویہ اس کے ساتھ بہت نامناسب تھا۔
کویتی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل محمد الصابر نے مقامی ٹی وی کو بتایاہے کہ آگ لگانے والوں کی شناخت ہوگئی ہے اور انہوں نے اپنا جرم تسلیم بھی کیا ہے۔ کویتی خبررساں ادارے کے مطابق ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں تاہم ان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔