ماسکو : روس کے وزیر اعظم ولادی میرپیوٹن نے فضائی و خلائی نمائش کا افتتاح کیا۔ ماسکو ایرو اسپیس سیلون دو ہزار نو کے نام سے اس نمائش میں کمرشل، چارٹرڈ ، مسافر مال بردار اور لڑاکا طیارے رکھے گئے ہیں۔ ان میں سخوئی سپر جیٹ، ٹرانسپورٹ آئی ایل، لڑاکا جیٹ فور پلس بھی شامل ہیں۔
نمائش دیکھنے کیلئے شائقین ہزاروں کی تعداد میں ماسکو سے باہر ہونے والی یہ نمائش دیکھنے پہنچ رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں روسی وزیر اعظم نے سخوئی ، مگ ٹوئنٹی نائن اور دیگر طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ بھی دیکھا اور روسی خلائی ایجنسی روسکوموس کے اسٹال کا بھی دورہ کیا۔
اس نمائش میں روس کی چار روسی کمپنیوں کے علاوہ دیگر ملکوں سے آئی ہوئی تین سو کمپنیاں بھی شریک ہیں۔ منتظمین نے امید ظاہر کی ہے کہ پانچ لاکھ افراد اتوار تک جاری رہنے والی یہ نمائش دیکھیں گے۔