اسلام آباد : بھارت کے سابق وزیر خارجہ اور قائد اعظم کو ایشیا کاعظیم رہنما تسلیم کرنے والے جسونت سنگھ جمعہ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جبکہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ وہ جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے۔
بی جے پی کے سابق رہنما جسونت سنگھ قائد اعظم پر لکھی گئی اپنی کتاب کی پبلسٹی کے لئے اسلام آباد اور کراچی جائیں گے تاہم سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ان کے دورے کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔
جسونت سنگھ کی اسلام آباد میں میزبانی کرنے والے بک اسٹور کے ڈائریکٹر محمد یوسف نے بھارتی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ جسونت سنگھ ستائیس اگست کو نجی ہوٹل میں خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جسونت سنگھ کی کتاب”قائد اعظم،تقسیم ہند اور آزادی “ کی ایک سو پچاس کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں جبکہ مزید پانچ سو کاپیاں منگوانے کا معاہدہ ہو چکا ہے۔ کراچی میں بھی ان کی کتاب کی اب تک ایک ہزار کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ جسونت سنگھ اتوار کو کراچی بھی آئیں گے ۔