کابل : نیٹو نے افغانستان میں گرفتار امریکی فوجی کے بارے میں اطلاع دینے والے کو 20 ہزار ڈالر انعام دینے کا اعلان کر دیا۔ یہ بات صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتائی۔
گذشتہ جمعہ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایساف کے 2 امریکی فوجی اپنی گاڑی میں بیس سے روانہ ہوئے لیکن واپس نہیں آئے۔ نیٹو نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں طالبان جنگجوﺅں نے صوبہ لوگر میں گرفتار کر رکھا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک امریکی فوجی بعد ازاں مردہ پایا گیا جبکہ دوسرا تاحال لاپتہ ہے۔ صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان نے کہا کہ ہفتہ سے نیٹو کے طیارے لوگر صوبے میں پمفلٹ گرا رہے ہیں جس میں مقامی افراد سے لاپتہ امریکی فوجی کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ اطلاع دینے والے کو 20 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔