کراچی : کراچی میں رات گئے پر تشدد واقعات کاسلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا اور مختلف علاقوں میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب پولیس نے سعید آباد کے علاقے سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے دھوراجی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نور حسین ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد مشتعل افرادنے ایک گاڑی کونذرآتش کردیااور دکانیں بندادیں جس کے بعد پولیس اور رینجرز نے موقع پرپہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔فائرنگ کے دیگر دو واقعات میں لیاری اور بفرزون میں دو افراد کو ہلاک کردیا گیا۔
ادھر سعید آباد پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گلستان جوہر ،پہلوان گوٹھ ،صفورا گوٹھ ،سہراب گوٹھ اور دیگر علاقوں میں بھی فائرنگ کی اطلاعات ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے رات گئے پیر الٰہی بخش تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی کے قریب ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف سرچ آپریشن کیا گیا جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔