اسلام آباد: یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی قیمتوں میں دس روپے فی کلو اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم نئی قیمتوں کے اطلاق کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار میر ہزار خان بجارانی کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس کے دوران کیا گیا ۔ اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز اور عام مارکیٹ میں چینی کے نرخوں میں فرق کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت پچپن روپے فی کلو ہو جائے گی۔اجلاس کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبے رمضان سے قبل ایک لاکھ ٹن چینی ٹی سی پی سے خریدیں گے اور ٹی سی پی ایک اعشاریہ دو ملین ٹن چینی کی درآمد جاری رکھے گا۔
اجلاس میں یہ سفارش بھی کی گئی کہ نئے کرشنگ سیزن سے قبل پانچ لاکھ ٹن خام چینی درآمد کی جائے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ای سی سی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔