اسلام آباد : طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے139 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں سے66 کی شناخت ہو گئی اور52 لاشیں ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ دیگر لاشیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد لواحقین کو دی جائیں گی دوسری جانب خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں ہیلی کاپٹرز حصہ نہیں لے سکے تاہم ریسکیو ٹیموں کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔
ناقابل شناخت لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ آج کیا جا رہا ہے اور نادرا کے ذریعے لواحقین کے فنگر پرنٹس اور بلڈ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں اور یہ تمام عمل ایک ہفتے تک مکمل ہو گا جس کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق آبپارہ کمیونٹی سینٹر میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے مرکز قائم کر دیا گیا ہے ۔
اس تمام تر صورتحال میں کراچی اور دیگر شہروں سے آنے والے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ان کے پاس رہائش کا انتظام نہیں اور وہ ایک ہفتے تک یہاں قیام نہیں کر سکتے لہذا ضروری کارروائی کے بعد وہ واپس چلے جائیں گے اور حکام کے جواب کا انتظار کریں گے ۔
دوسری جانب اسلام آباد میں شدید بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے شدید دھند چھائی ہے جس کے باعث دوسرے روز امدادی کارروائیوں کے لئے ہیلی کاپٹر سروس معطل ہے تاہم ریسکیو ورکرز جائے وقوعہ پر موجود ہیں ۔ سڑک سے جائے وقوعہ تک پیدل ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا راستہ ہے اور شدید پھسلن کے باعث دشواری کا سامنا ہے۔